سری نگر(کے پی آئی) کشمیری حریت پسند رہنماشہیدبرہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر08 جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی ہڑتال کی کال کی تمام آزادی پسند رہنماﺅں اور تنظیموں نے حمایت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے کہا ہے کہ برہان وانی کی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کریں اور شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 8 جولائی کو ترال چلو پروگرام میں بھرپور شرکت کریں۔شہید برہان وانی اور دیگر شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔بھارتی فو ج نے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کو دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 8جولائی2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک جعلی مقابلے کے دوران شہید کر دیا تھا۔دوسری جانب ضلع کٹھوعہ میں ایک سپیشل پولیس افسر نے خودکشی کر لی ہے۔ایس پی او اونیش شرما نے ضلع کے علاقے ہیرا نگرمیں واقع پوسٹ پر ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی۔اونیش شرما کی طرف سے یہ انتہائی اقدام اٹھانے کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہو سکی ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے آرٹیکل 370 کے مقدمے کی سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ 370 کی غیر قانونی تنسیخ کو چیلنج کرنے والی 2019 سے زیر التوا درخواستوں کی بالآخر سماعت کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام کے لیے انصاف کو برقرار رکھا جائے گا۔
کشمیر