سروس سٹرکچر بہتر کردیا‘ جرائم روکنے کیلئے سنٹرل ڈیٹا بیس بنے گا:آئی جی 

Jul 05, 2023

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی پر افسران واہلکاروں کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی ہے۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب نے افسران واہلکاروں کو انعامات سے نوازا، انعامات حاصل کرنے والوں میں مختلف اضلاع میں تعینات کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے افسران و اہلکار شامل تھے جنہیں ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی ون اور کیش انعامات سے نوازا۔آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجا ب نے کہاکہ فورس کے سروس سٹرکچر کو بہتر کردیا، پٹرولنگ، ٹیلی اور ایس پی یو میں جلد مزید پروموشنز ہونگی۔ سی آئی اے کو مختلف اضلاع میں آرگنائز کر رہے ہیں، جرائم روکنے کیلئے سنٹرل ڈیٹا بیس بنے گا۔ کرائم پریونشن ایپ سے جرائم کی روک تھام اور ہرمس موبائل ایپ سے فورس کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔ 11 جولائی تک سب ڈویژن سمیت پنجاب پولیس کے تمام سکولوں میں سمر کیمپ کا آغاز ہو جائےگا۔ شہدا اور ڈیتھ ان سروس کوٹے کے تحت 7 سو بچوں کی بھرتیوں کا عمل مکمل ہو چکا، قانونی معاملات میں افسران و اہلکاروں کی معاونت اور راہنمائی کیلئے لیگل ایڈ فنڈ قائم کیا جا چکا ہے۔ اہم مشن کامیابی سے مکمل کرنےوالے بہادر جانبازوں کو تمغہ بہادری دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ تمام ویلفیئر اور انعامات کے بدلے میں شہریوں کےساتھ بہترین رویہ اور خدمات دیں۔

مزیدخبریں