وزارت خزانہ نے مالی سال 2023-24کیلئے ریڈیو پاکستان کے بجٹ میں گذشتہ سال کی نسبت تقریباً ایک ارب کا اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی کے بلوں میں ریڈیو پاکستان کیلئے 10سے 15روپے ماہانہ فی گھر سرچارج بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنشنرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حافظ انصار الحق منگرال نے کہا ہے کہ گذشتہ سال فنڈز کی کمی کے باعث تنخواہیں، ہائرنگ، میڈیکل اور پنشنز وغیرہ بر وقت نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین اور پنشنرز کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دو ماہ کی پنشن کیلئے ساڑھے چار ہزار پنشنرز بشمول بیوگان و یتا می اور جنوری 2020سے اب تک ریٹائر ہونیوالے خواتین و حضرات کمیوٹیشن کیلئے بڑی بے تابی سے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، سینیٹر عرفان صدیقی، اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ، مریم اورنگزیب ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، پیپلز پارٹی کی قیادت اورسہیل علی خان، سیکرٹری اطلاعات و نشریات کاشکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔