ڈومیسٹک، انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم

لاہور (سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ آوے کا آوا بگڑا ہوا،ٹیم کی سلیکشن میں غلط فیصلے کرنیوالوں کا احتساب ہوگا۔ بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے وینیوز میں ملتان ،کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں۔انہوںنے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے لیگز کھیلنے والے کھلاڑیوں پر واضح کر دیا کہ لیگز کھیلنے والے سن لیں!پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیزیں ہیں، بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے جن کرکٹرز نے لیگ کیلئے این او سی کی درخواست کی ان کو این او سی نہیں ملے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ جو کھلاڑی فٹنس کے معیار پر پورا اتریگا صرف اسے ہی سنٹرل کنٹریکٹ ملے گا، سنٹرل کنٹریکٹ میں جس کا جو حق بنتا ہو گا وہ اس کو مل کررہے گا،سنٹرل کنٹریکٹ میں بھی پوسٹ مارٹم ہوگا، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔ فٹنس کے اوپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، یو یو ٹیسٹ سمیت جو فٹنس ٹیسٹ ہونگے وہ دینے پڑیں گے، جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا، جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دیگا وہی قومی ٹیم کا حصہ ہوگا۔ وہاب ریاض کو میں نے چیف سلیکٹر نہیں بنایا تھا، میں نے ان کو چیف سلیکٹر سے صرف سلیکٹر بنایا تھا، عنقریب سب کو پتا لگ جائیگا سلیکشن کمیٹی میں کون رہتا ہے اور کون نہیں، ویمن ٹیم کا کوئی وارث نہیں،لڑکیوں کی سلیکشن کیسے ہورہی کسی کو پتا ہی نہیں۔ ورلڈ کپ میں ڈریسنگ روم میں کون سا کھلاڑی ہدایات پر عمل کررہا تھا کون نہیں سب پتا لگ جائے گا، شان مسعود سے بھی ویڈیو کال پر بات ہوئی تھی کہ ٹیم کو کیسے بہتر کیا جاسکتا ہے، شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،شان مسعود سے متعلق کافی لوگوں کی رائے مثبت ہے۔ 20 اور 21 جولائی کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کیلئے جاؤں گا،کرکٹ ٹیم میں سرجری کے حوالے سے کہا کہ کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دیتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن