امیر جماعت اسلامی سے افغان قونصل جنرل‘ آسٹریلوی سفیر کی ملاقاتیں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے افغانستان کے سفیر سردار شکیب، کراچی میں افغان قونصل جنرل عبدالجبار تخاری نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک افغان تعلقات، دہشت گردی کے خاتمہ، خطے میں امن استحکام کے قیام سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مستحکم دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کو مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہییں۔ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے، دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے گورننس اور انٹیلی جنس کے نظام کو موثر بنایا جائے۔ افغان سفیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے طویل عرصے تک افغان قوم کی خدمت کی ہے۔ ہم جماعت اسلامی کی کاوشوں کے معترف ہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے آسٹریلیا کے سفیر نیل ہاکنز اور فرسٹ سیکرٹری مائیکل کورٹف نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں مختلف امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ امیر جماعت نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تعلیم، صحت، زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف کی اپنی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ’’بنو قابل پروگرام‘‘ کے بارے میں سفیر کو بتایا انہوں نے کہا دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے گورننس اور انٹیلی جنس کو مؤثر بنانا ہوگا، فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے۔ افغانستان کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن