لاہور (آئی این پی )صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے اقدامات سے آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوئی ہے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں اضافے پر مریم نواز نے میٹنگ کی جس کے بعد آٹے کی قیمت کم ہونا شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز دفتر کے اعداد وشمار پر منحصر نہیں گرانڈ کی صورتحال محکموں کو دکھاتی ہیں، مریم نواز نے مارکیٹ سے آٹے کی قیمتیں منگوا کر محکمہ کے سامنے رکھیں تو حکام حیران ہوگئے۔صوبائی وزیراطلاعات نے بتایا کہ غلط اعدادوشمار پیش کرنے اور آٹے کی بڑھتی قیمت پر محکمہ خوراک کے تین چار لوگوں کو معطل کر دیا گیا ہے، آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 80 روپے کی کمی آئی ہے دیگر صوبوں میں حالات بہتر نہیں۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب نے آٹے کی نقل و حمل کی اجازت اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے، کہا جاتا مریم نواز بہت پروگرام شروع کرتی ہیں تو اصل بات یہ ہے کہ انہیں کام کرنا آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے منصوبے الیکشن کے آخری سال نہیں بلکہ رواں برس کے اختتام پر مکمل ہوں گے ، ہمیں تو کچھ دل جلے لیکچر دیتے ہیں آٹے کی قیمت کم نہیں ہوتی، دوسرے صوبوں کو تو لیکچرار نہیں ملتا ان کے سی ایم کرتے ہی کیا ہیں۔عظمی بخاری نے بتایا کہ محکمہ پولیس کیلئے کے پی آئیز مقرر کر دئیے گئے ہیں جس کے تحت فرد جرم، سرچ آپریشن اور مقدمات پر نمبرنگ ہوگی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے پی آئیز دیئے ہیں اس سے تبدیلی آئے گی، پولیس کی بہتری کے نعرے نہیں ہوں گے۔صوبائی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب نے محرم الحرام کے انتظامات پر میٹنگ بلائی ہے، مریم نواز بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے علما کرام سے گفتگو کریں گی، محرم الحرام کے دوران صوبے میں امن وامان کو یقینی بنانے اور صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے کنٹرول روم بنائیں گے۔
مریم نواز کے اقدامات سے آٹے کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوئی، عظمیٰ بخاری
Jul 05, 2024