کوئٹہ + لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شہر میں گزشتہ روز شدید حبس اور گرمی کے بعد آج صبح ہونے والی بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ آج سے 7 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے۔بارش کے پانی کے نکاس کے لیے تمام واسا ایجنسیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔بارشوں سے دریاوں میں بھی طغیانی آگئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بلوچستان میں چاغی کے صحرا میں گرمی سے دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق دونوں نوجوان گاڑی کا فیول ختم ہونے پر پٹرول پمپ ڈھونڈنے نکلے تھے۔ پیدل پٹرول پمپ کی تلاش میں صحرا میں راستہ بھول گئے تھے۔ نوجوانوں کا تعلق چاغی کے علاقے دالبندین کلی داؤد آباد سے ہے۔