لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے ہتک عزت قانون کے خلاف صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری و دیگران کی درخواستوں پر سماعت 29 جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالت میں پنجاب حکومت کی جانب سے جواب داخل نہیں کروایا گیا، سرکاری وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، وکیل اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ ہتک عزت قانون بنیادی حقوق اور آئین کے خلاف ہے، استدعا ہے کہ عدالت ہتک عزت قانون کو کالعدم قرار دے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے موقف اپنایاکہ درخواست گزار صرف اندازوں پر بات کر رہے ہیں ابھی تو اس قانون کے تحت درخواست گزاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، وکیل اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ باقی تینوں صوبوں میں ایسا کوئی قانون نہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ اگر کوئی شخص سندھ یا دوسرے صوبوں میں بیٹھ کر کرے تو کیا ہو گا؟ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا عدالت کے سوالات اہم ہیں۔ اظہر صدیق نے کہا کہ جس طرح پیمرا پابندیاں لگا رہا ہے اس سے ملک کی جگ ہنسائی ہو گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کی بین الاقوامی طور پر بدنامی نہ ہو۔