وزیر داخلہ سے اطالوی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو  

Jul 05, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیرداخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اٹلی کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب اور موثر رہا۔ اطالوی وزیرداخلہ سے ملاقات میں غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس ضمن میں اطالوی وزارت داخلہ کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفد پاکستانی حکام سے ملاقات اور بارڈر کا دورہ کرے گا۔ اٹلی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ہنر مند افراد کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔  وزیر داخلہ نے اطالوی سفیر کو اپنے اطالوی ہم منصب کے دورہ پاکستان کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ علاوہ ازیں  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارگلہ ایکسپریس وے کو موٹر وے کے ساتھ منسلک کرنے  جارہے ہیں، اس منصوبے کی تکمیل سے موٹروے ایگزٹ سے ایوان صدر تک  فاصلہ 15 تا 18 منٹ میں طے ہوگا۔ ٹریفک کے بہائو کے رواں رکھنے کے لئے ایف  ایٹ اور ایف نائن اور سرینا چوک انٹرپاس پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔ اسلام آباد ہائی وے کی تکمیل اگست یا ستمبر تک مکمل ہوجائے گی۔ اسلام  آباد انتظامیہ اور پولیس اچھے انداز میں اپنا کام کررہے ہیں۔ ایک ماہ میں وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں 57 فیصد تک کمی ہوئی ہے، اسے مزید کم کریں گے ۔ وہ  جمعرا ت کو سی ڈی اے کے زیراہتمام مارگلہ ہلز ری ہبلیٹیشن   کے لئے اوپن ہائوس سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، کیپٹل فائر سروسز ریسکیو 1122  اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالرحمان، شعبہ ماحولیات، آئی ٹی سمیت دیگر شعبہ جات کے حکام تقریب میں شریک تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالاضحی کے دوران سی ڈی کے شعبہ سینی ٹیشن، ریسکیو سمیت تمام ملازمین  کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔

مزیدخبریں