اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء نے کہا ہے کہ سپورٹس فیڈریشنز میں بیٹھے لوگ اتنے طاقتور ہیں کہ ان سے سوال کیا تو حکومت کو لینے کے دینے پڑسکتے ہیں۔ رانا ثنا نے کہا اگر ایتھلیٹ اگلے ایونٹ کیلئے کوالیفائی نہ کرے تو فیڈریشن میں بیٹھے لوگوں کو فارغ ہونا چاہیے۔ رانا ثنا نے سپورٹس فیڈریشنز میں آپریشن کلین اپ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پورا ارادہ ہے کہ سپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی پر ان سے سوال ضرور کریں گے۔ وفاقی مشیر نے کہا ہے کہ عزم استحکام آپریشن کیلئے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا، آپریشن کی ضرورت بہت زیادہ ہے، پی ٹی آئی کیلئے عمران خان کی رہائی دل کو خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے، پی ٹی آئی کا کہنا کہ دن اچھے آنے والے ہیں تو یہ ان کی معاملہ فہمی ہے، پی ٹی آئی تو نام ہے پالیسی عمران خان کی چلتی ہے، ان کا ایجنڈا وہی ہے کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔ ایک انٹرویو میں رانا ثناء نے کہا فورسز کے جوان بھی دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہورہے ہیں، اپوزیشن کو آپریشن کی مخالفت کی بجائے اپنی رائے دینی چاہئے، اپوزیشن کی رائے سے استفادہ کیا جائے گا۔ اگر الیکشن کمیشن میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں یا دنیا کو یہ مسائل بتانے کیلئے زور لگایا جارہا ہے، فیصلوں سے ہر کسی کی اپنی اپنی رائے ہوسکتی ہے لیکن پی ٹی آئی کا اپنا کتنا رول ہے یہ بھی دیکھا جائے، اس وقت دو راستے ہیں ایک تصادم اور دوسرا افہام و تفہیم کا۔ افہام وتفہیم کا راستہ اس وقت ہوگا جب بیٹھ کر بات کریں گے۔