بارش سے جل تھل ، گرمی کی شدت میں کمی ،شہریوں نے سکھ کا سانس لیا

Jul 05, 2024

راولپنڈی(محبوب صابر/جنرل رپورٹر)بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی مون سون کی موسلا دھار بارش نے پورے شہر اور کینٹ میں جل تھل کر دیا گرمی کی شدت میں کمی آ ئی تو شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، راولپنڈی تحصیل آفس راجہ بازار میں واقع سب رجسٹراررورل برانچ میں نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے سے صحن میں پانی کھڑا ہو گیا اور قریب کے کمروں میں پانی گھسنے سے فرش پانی میں ڈوب گئے سرکاری ریکارڈ خراب ہونے سے بمشکل بچ سکا، صبح آفس آنے والے اہلکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی باہر نکالا، رپورٹ کے مطابق سب رجسٹرار رورل کی ریکارڈ برانچ کے کمرے ڈیڑھ صدی سے قبل تعمیر ہوئے ہیں جو اس وقت بو سیدہ ہو کر خستہ حال ہو چکے ہیں جن کی چھتیں بھی بارشوں میں ٹپکتی ہیں، جن کو تھوڑا بہت مرمت کیا گیا جبکہ سرکاری قیمتی ریکارڈ بھی اب غیر محفوظ ہو تا نظر آ رہا ہے ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، تحصیل آفس میں واقع نائب تحصیلدار کے ریڈر کے کمرے میں بھی پانی گھس گیا جب صبح اہلکار ڈیوٹیوں پر آ ئے تو ان کو معلوم ہوا کہ بارش کا پانی کمروں میں آیا لیکن سرکاری ریکارڈ خراب ہو نے سے بچ گیا، جمعرات کے روز چھٹی کے وقت اہلکاروں نے ریکارڈ اور دیگر ضروری سامان محفوظ کیا۔

مزیدخبریں