دوران ڈیوٹی لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کا ضیاع تشویشناک ہے،جاوید اقبال 

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)آئیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران حادثات میں لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کا ضیاع تشویشناک ہے، اتنی بڑی تعداد میں کارکنوں کا زندگی و اعضا سے محروم ہوجانا ان کے خاندان اور ادارے کیلئے ایک عظیم نقصان ہے ان حادثات کا بڑا سبب کمپنی میں سٹاف کی کمی اور معیاری حفاظتی آلات کی عدم دستیابی ہے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے کمیٹی چوک کے ایک آڈیٹوریم میں یوم شہدا کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں ریجنل سیکرٹری عمران خان، زونل چیئرمین ملک قمر فاروق کلیامی، سردار زاہد، انار گل، داد گل، ملک ظفر، شکیل بابر، سجاد خان، ملک خالد محمود، عدیل یاسر، نعیم محمود، محمد صدیق اور دیگر عہدیداران یونین سمیت آپریشن ڈائریکٹر آئیسکو چیف انجینئر محمد اسلم خان، ایس ای سٹی شہزاد فیصل، ایس ای اعجاز مخدوم، آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر ایس ای شہزاد جلیل، ایکسین خواجہ قربان، ایس ڈی او صاحبان اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈائریکٹر آپریشن اسلم خان  نے بجلی کے کام کے دوران حادثات کا شکار ہو کر زندگی کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونین راہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ آئیسکو میں ہزاروں خالی اسامیوں پر بھرتی کا سلسلہ فوری شروع کیا جائے اورلائن سٹاف کو اعلی معیار کے حفاظتی آلات کی سو فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن