راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی )مالی بجٹ کے اثرا ت پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہنگامی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر اور شہر کی تاجرتنظیموں کے نمائندوں سمیت پولٹری فارما، ہیلتھ، موبائل،فرنیچر، ٹریول اینڈ ٹورزم، اسٹیشنری، ماربل،کنسٹرکشن،پراپرٹی،جمز اینڈ جیولری سمیت دیگر انڈسٹری کے نمائندوں سمیت ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں آ ئی سی ایم اے اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بجٹ میں اٹھائے گئے اقدامات، ٹیکسوں کی شرح، فائلرز، نان فائلرز اور لیٹ فائلرز پر پینلٹیز، دوہر ے ٹیکسوں اور ایڈوانس ٹیکس کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ شرکا نے بجٹ میں اٹھائے گئے کاروبار دشمن اقدامات اور پہلے سے موجود ٹیکس گز ار وں پر مزید ٹیکسوں کے نفاذ کو مسترد کیا اور بجٹ پر شد ید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ اقدامات سے کاروبار بند ہوجا ئیں گے، تاجرپہلے ہی بجلی کے بلوں سے پریشان ہیں، ایف بی آر کے بے پناہ اختیارات پر شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا گیااجلاس کی صدارت صدر چیمبر ثاقب رفیق نے گروپ لیڈر سہیل الطاف کے ہمراہ کی، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور چیمبر ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تاجر تنظیموں کے نمائندے شاہد غفور پراچہ، شیخ حفیظ، شیخ صدیق، ارشد اعوان، منیر بیگ مرزا، بھی موجود تھے صدر چیمبر ثاقب رفیق نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک گیر سطح پر منظم ہڑتال کی کال سے قبل حکومت کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈ دیا جائے گا۔ ملک گیرہڑتال کی کال کے لیئے ملک بھرکے چیمبرز، اور تاجر تنظیموں کے تمام چھوٹے بڑے دھڑوں کی قیادت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیاہے،بجٹ زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر نہیں بنایا گیا، سٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت نہیں کی گئی،بجٹ اقدامات سے کاروبار اور انڈسٹری بند ہو جائے گی۔ بجٹ میں محصولات کی مد میں چالیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے، یہ پہلے سے موجود ٹیکس گزاوں پر بوجھ ڈالا گیا ہے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ عام دکاندار ہو یا صنعت کاربجٹ سے سب ہی متاثر ہوئے ہیں،بجٹ میں ایف بی آر کو زیادہ اختیارات دیئے گئے ہیں، ٹیکس انویسٹیگیشن یونٹ کے قیام سے مزید ہراسیت پھیلے گی،انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مینوفیکچرز، ایکسپورٹرز اور امپورٹرز سمیت تمام شعبوں میں اصلا حات اور آسانیاں لانے کی بجائے دوہرے ٹیکس لگا ئے گئے ہیں اور چھوٹ ختم کردی گئی ہے جس سے ملک میں اب ڈالر کی کمی ہو گی اور روپیہ مزید گرے گا۔
راولپنڈی چیمبر میں مالی بجٹ 2024کے اثرات پر ہنگامی مشاورتی اجلا س
Jul 05, 2024