راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)سینٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی پارٹی قائد اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی خارجہ امور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت ریڈیو کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ریڈیو پاکستان کی جان اس کے پروگرام ہیں۔ پروگرام کے شعبے کو توانا بنانے کی ضرورت ہے جس میں بہتری کی کاوشیں خوش آئند ہیں۔ خطہ پوٹھوہار تلوار، قلم اور فنون لطیفہ میں تمام خطوں سے منفرد اور ممتاز مقام رکھتا ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی ریڈیو پوٹھوہاری میلہ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیٹر دنیش کمار بھی اس موقع پر موجود تھے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان راولپنڈی سے میرے رشتے کو محسوس کیا جاسکتا ہے لیکن بیان نہیں کیا جاسکتا۔ میرے کئی سال یہاں گزارے ہیں، دو دہائیوں تک رچ بس کر اس ادارے کو دیکھا ہے۔ لاہور کے بعد ریڈیو پاکستان راولپنڈی کی سب سے زیادہ کاوش رہی ہے۔پوٹھوہار کی خوبصورت تہذیب و ثقافت کا اچھا میلہ منعقد کیا گیا جو صرف ایک جھلک ہے لیکن یہ وسیع اور شاداب خطہ ہے۔ یہ خطہ شجاعت و بہادری میں بھی بے مثال ہے۔ تلوار، قلم اور فنون لطیفہ کے حوالے سے اس خطے کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید ہی کوئی خطہ اس کی اس ہمہ جہت وسعت کا مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سینکڑوں ڈرامے ریڈیو کے لئے لکھے ہیں۔ آج سٹوڈیوز میں ویرانی ہے، کبھی یہاں قطاریں ہوا کرتی تھیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج بھی ریڈیو کی جان اس کے پروگرام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے پروگرام کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے ڈی جی ریڈیو سعید احمد شیخ اور سٹیشن ڈائیریکٹر مسرت شاہ رخ اور ان کی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں میلے میں آمد کے موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی کا ڈائیریکٹر جنرل سعید احمد شیخ، سٹیشن ڈائیریکٹر راولپنڈی مسرت شاہ رخ اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔سٹیشن ڈائریکٹر مسرت شاہ رخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میلوں کا انعقاد ریڈیو پاکستان کی روایت ہے جس میں نیا ٹیلنٹ بھی دریافت کیا جاتا ہے۔ 'ریڈیو میلے' میں پوٹھوہاری تہذیب، ادب، ثقافت، ورثہ، رسومات کے مختلف رنگ پیش کئے گئے جبکہ پوٹھوہار کی نامور شخصیات، لکھاریوں، فنکاروں، گلوکاروں، ان کی کاوشوں اور مختلف شہروں کے حوالے سے تاریخی حقائق پر روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر پوٹھوہاری جھومر، سمی اور پوٹھوہاری گیت بھی پیش کئے گئے جبکہ میلے میں پوٹھوہاری پکوانوں اور دستکاریوں کے سٹال بھی لگائے گئے تھے۔
حکومت ریڈیو کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلئے اقدامات کر رہی،عرفان صدیقی
Jul 05, 2024