اسلام آباد(خبرنگار)قطر کے ایک اعلی سطحی تین رکنی تکنیکی وفد نے کرنل احمد عبداللہ العابد اللہ کی قیادت میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے ملاقات کی۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران، دونوں فریقین نے دو طرفہ دلچسپی کے مختلف امور اور موسمیاتی خطرے، ماحولیات کے تحفظ، پانی کانظام، توانائی، جنگلات اور آفات کے خطرے سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم کی موسمیاتی معاون رومینہ خورشید نے قطری وفد کو پاکستان کی موسمیاتی لچک کو بڑھانے اور ملک کی کمزور کمیونٹیز کی زندگیوں اور معاش کے تحفظ کے لیے وزیر اعظم کے مختلف کلین اینڈ گرین اقدامات کے بارے میں آگاہ کیارومینہ خورشید نے قطر کے سرکاری وفد کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت عالمی موسمیاتی عمل کو فروغ دینے کے لیے موسمیاتی سفارت کاری کے ذریعے مختلف ممالک کے ساتھ روابط پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہے۔