لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے آسٹریلیا کے سفیر نیل ہاکنز اور فرسٹ سیکٹری مائیکل کورٹف نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں مختلف امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ امیر جماعت نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تعلیم، صحت، زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قومی ترجیحات کے مطابق معیشت کی ترقی چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کی اپنی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے گورننس اور اینٹلی جنس کو موثر بنانا ہوگا۔ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے۔ افغانستان کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ خطے میں امن، استحکام، عوام کی خوشحالی چاہتے ہیں، ہر قسم کی دہشت گردی کے مخالف ہیں۔ امیر جماعت نے آسٹریلوی سفیر کو بارہ جولائی کے اسلام آباد دھرنے کے پروگرام اور مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔ سفیر نے بتایا کہ آسٹریلیا زراعت، معدنیات اور قدرتی وسائل کے منصوبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے اندر جمہوریت کی تحسین کی۔