معاشی مسائل سے بچنے  کیلئے  تاجر برادری کے تحفظات کودور کیا جائے ،احسن ظفر بختاوری 

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مزید معاشی مسائل سے بچنے کے لیے تاجر برادری کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، انہوں نے مزید کہا کہ نئے فنانس ایکٹ میں جرمانوں اور ڈیوٹیز میں اضافے نے کاروباری شعبے کیلئے نئی مشکلات کھڑی کردی ہیں۔نہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس اور ڈیوٹیز کی ادائیگی سے خوفزدہ نہیں ہے لیکن اس کاتعین زمینی حقائق اور تاجر برادری کی آسانی کے پیش نظر ہونا چاہیے۔    انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلے سے ٹیکس ادا کر رہے ہیں ان پر اضافی ٹیکس لگانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی میں تضادات متعدد مسائل پیدا کر رہے ہیں اور نئے دو درجے پر مشتمل اپیل سسٹم سے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بھی متاثر ہو سکتا ہے۔انہوں نے فنانس ایکٹ 2024 کے بعض فیصلوں پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ بصورت دیگر کاروباری شعبہ کی بری طرح حوصلہ شکنی ہوگی، جس سے برآمدات اور ترسیلات زر میں کمی واقع ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ خوردہ فروشوں کے لیے پوائنٹ آف سیلز (POS) سسٹم کو اپنانا ممکن نہیں ہے۔ حکومت سے صنعتوں کی بندش اور نقل مکانی کو روکنے کے لیے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی در خواست ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن