پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پمپس کھلے رکھنے اور سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پیٹرولیم ڈویژن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے اور پیٹرولیم مصنوعات ملک بھر میں دستیاب رہیں گی۔ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائیگا۔تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پمپس کھلے رکھنے اور سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے معاملے پر پٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے مطالبات پر ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا تھاجس میں حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان ٹیکسوں کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار تھا۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین اوگرا سے ملاقاتیں ہوئیں تھیں لیکن حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا جس کے بعد ہم نے مجبو ر ہو کر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے اپنے اعلان میں کہا تھا ہڑتال کی جائے گی، اتنے ٹیکسوں سے کاروبارنہیں چل سکتے۔ ملک بھر کے پمپس ڈرائی کرنا شروع کردیں گے اور جب تک حکومت مطالبات مان نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ بجٹ میں ڈیلرز پر ایڈوانس ٹیکس0.5 فیصد عائد کیا گیا، حکومت سے بارہا مطالبہ کیا ٹیکس واپس لیا جائے۔عبد السمیع خان نے کہا کہ ہمارے مطالبات نہیں مانے جارہے ہمارے پاس ہڑتال کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا۔