میڈیا رپوٹس کے مطابق اسرائیلی کمانڈوز نے آئرلینڈ کے امدادی جہاز کو غزہ سے پچپن کلو میٹر دور اپنے قبضے میں لیا ہے تاہم کسی قسم کے پرتشدد واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ۔ امدادی جہاز کے منتظمین کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا کہ کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی جائے گی ۔ادھر اسرائیلی وزیرخارجہ لائبرمین کا کہنا ہے کہ کسی امدادی جہاز کو بھی غزہ جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا جس ملک نے بھی امدادی سامان بھیجنا ہے وہ پہلے اسرائیلی ساحلی شہر اشدود پہنچے گا جس کے بعد اسے غزہ بھیجا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے ترکی کی زیر قیادت جانیوالے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے میں بیس افراد جاں بحق جبکہ ساٹھ کے قریب شدید زخمی ہو گئے تھے ۔