ہنزہ کی عطاء آباد جھیل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ اس وقت جھیل میں پانی کی آمد چار ہزار نوسوکیوسک جبکہ سپل وے کے ذریعے چارہزارچھ سو پنتیس کیوسک پانی خارج ہورہا ہے جبکہ کٹاؤ کی گہرائی تقریباً چودہ فٹ ہوچکی ہے ۔ پانی کے بہاؤ میں تیزی آنے سے ہنزہ نگر کا حسینی نامی قصبہ مکمل زیرآب آچکا ہے جبکہ گلمیت نصف سے زیادہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے ۔ آج موسم صاف ہونے پردوبارہ ہیلی کاپٹرسروس بحال ہونے کا بھی امکان ہے ۔ ادھرہنزہ نگرکے ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو تمام ترسہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ بالائی علاقوں کے کیمپوں میں طبی ، اشیائے خورد ونوش اوربچوں کے دودھ کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔ تاہم یہاں کے مکین اورمتاثرین اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ دوسری جانب شاہراہ قراقرم پچیس کلومیٹر تک زیرآب ہے ، سپل وے کے ذریعے پانی کا بڑا ریلہ آنے کی صورت میں یہ شاہراہ مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔