تاریخ ساز وزیراعظم نواز شریف

میاں محمد نواز شریف آج تیسری بار وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔ آج کا دن تاریخی اعتبار سے منفرد اہمیت کا حامل ہے۔ سابقون نے حکومت تو مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان پر کی لیکن پاسبانی اور نگرانی ہمیشہ اغیار کے مفادات کی کی جس کے نتیجے میں ایک پرامن اور ہنستا کھیلتا ملک دہشت گردی، بے روزگاری، لاقانونیت اور بدامنی کی آماجگاہ بنتا گیا گزشتہ تیرہ سال کے دوران کسی ایک بھی حکمران نے حب الوطنی کا ثبوت نہیں دیا کہ وہ ذاتی مفادات کی حدود و قیود سے باہر نکل کر ملک کے لئے سوچے۔ ان حالات میں اللہ تبارک و تعالیٰ کا شکر عظیم ہے کہ اس مبارک ذات نے گیارہ مئی کو اہل وطن کے دلوں میں ڈال دیا کہ اس وقت دھرتی پاک میں تمہارا رہبر و رہنما میاں محمد نواز شریف کے سوا کوئی اور نہیں۔ یہی وہ شخص ہے جو بلکتی سسکتی اور منجھدار میں پھنسی قوم کی کشتی کو کنارے لگائے گا اور یہاں مایوسیوں میں گھرے عوام کے لئے خوشیوں اور کامرانیوں کی نوید لائے گا۔ ٹکڑوں اور گروہوں میں بکھری قوم کو ایک لڑی میں پروئے گا۔ مدتوں سے بگڑا مسئلہ بلوچستان انشاءاللہ ضرور سلجھے گا۔ اندھیرے میں ڈوبنے والے وطن عزیز کے کوچہ و بازار پھر سے روشن ہو جائیں گے۔ غربت و افلاس اور تنگدستی کے باعث زندگی کو موت کی دہلیز پر لے جانے والی خودکشیوں کا سلسلہ رک جائے گا۔ صاحب علم و فراست افراد کے تعاون سے ہمارے شہروں اور دور افتادہ دیہات میں علم کے چراغ روشن ہو جائیں گے۔ ہمارے نونہال ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد بے روزگاری کے باعث اب مارے مارے نہیں پھریں گے۔ بیوگان، بوڑھے، لاچار، ناتواں اور مستحق افراد اب اپنی چھت سے محروم نہیں رہیں گے۔ بے سہارا خواتین و حضرات کے لئے سرکاری شیلٹر ہومز تعمیر کئے جائیں گے۔ صاحب ثروت افراد کا سرکاری خزانہ پر ہاتھ صاف کرنے کا سلسلہ رک جائے گا۔ کرپشن کرنے والوں کے گرد احتساب کا گھیرا تنگ ہو جائے گا۔ بلاامتیاز اور شفاف احتساب کا عمل شروع ہو جائے گا۔ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خاتمے کے لئے دوررس اور موثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ یہی وہ انقلابی اقدامات ہیں جن کو اختیار کرکے مملکت خداداد پاکستان کو ایشیاءکا ٹائیگر بنایا جائے گا۔میاں نواز شریف ناصرف پنجاب بلکہ بلوچستان کے باسیوں سے بھی اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی انہیں دیگر صوبوں کی عوام سے ہے۔ عوام جلد ہی بچشم خود دیکھیں گے کہ میاں نواز شریف نے ہمیشہ پانچوں صوبوں کے عوام سے بلاتفریق محبت کی ہے جن کے ثمرات سے وطن عزیز میں بسنے والا ہر ذی روح مستفید ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گیارہ مئی کے بعد عوام بڑی چاہت سے اپنے قائد میاں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالتے دیکھنے کے لئے مضطرب تھے۔ یہ عوامی محبت ایسا اعزاز اور نعمت ہے جو نصیبوں سے ملا کرتی ہے۔ قادر مطلق جب کسی قوم پر مہربان ہوتا ہے تو پھر قوم کو کوئی مسیحا عطا کر دیتا ہے اور عوام کے دلوں میں اپنے حاکم کی عزت اور محبت بھی ڈال دیتا ہے جو ایسی ہی صورتحال ان دنوں وطن عزیز میں دیکھی اور سنی جا سکتی ہے۔ سابق حکمرانوں پر دشنام طرازی کرنے والے عوام اب ان دنوں میاں نواز شریف کی محبت میں رطب للسان ہیں جبکہ میاں محمد نواز شریف اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات ایک کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ میاں نواز شریف بخوبی آگاہ ہیں کہ عوام گزشتہ تیرہ سالوں سے گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں۔ انہیں وہی چھٹکارہ دلا سکتے ہیں اسی لئے انہیں عوام نے گیارہ مئی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہوئے بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔ دوسری طرف میاں نواز شریف کے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف کے اندر عوامی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ان کی پانچ سالہ کارکردگی سب کے سامنے عیاں ہے۔ میاں شہباز شریف نے گزشتہ پانچ سالوں میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے جو عملی کردار ادا کیا ہے وہ ایک رول ماڈل ہے۔ مزید براں نواز شریف کی ڈھارس بندھوانے میں ان کی بیٹی دختر قائد مریم نواز کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے جس طرح ان کی سیاسی تربیت کی ہے وہ ایک ایسی منجھی ہوئی سلجھی اور فہم و فراست سے لبریز سیاستدان کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ میری اس گھرانے کے لئے دعا ہے کہ رب العزت انہی موجودہ امتحان میں سرخرو کرے اور میاں نواز شریف کو ہمت و حوصلہ عطا فرمائے تاکہ وہ عوام کے دیرینہ دکھوں کا مداوا کر سکیں اور ان کی توقعات اور خواہشات پر پورا اتریں اور عوام کو ایک روشن امن اور خوشیوں سے مہکتے شاندار پاکستان کی نوید ملے۔ آمین!!

ای پیپر دی نیشن