کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عبوری کمیٹی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں سپورٹس پالیسی کے خلاف ورزی اور 2 مدت کی ٹرم پر عملدرآمد نہ کرنے پر پاکستان والی بال اور پاکستان بیس بال فیڈریشن کی تحلیل کرکے ان کی ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ بھی جلد کیا جائے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عبوری کمیٹی کی جانب سے نیشنل گیمز کے شیڈول کے اعلان کے بعد سپورٹس پالیسی سے انکاری تین فیڈریشنز فٹبال‘ والی بال اور بیس بال کے ایونٹ کو نیشنل گیمز میں شامل کرنے کا مسئلہ کھڑا ہوگیا اس مسئلہ کے حل کے لئے پی او اے عبوری کمیٹی اور پی ایس بی نے سوچ بچار کے بعد والی بال بیس بال کو فوری طور پر تحلیل کرکے ایڈہاک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔