لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن شفقت رانا نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی کرکٹ میں پیدا ہونے والا بحران ختم کرنے کے لئے ریجنل کرکٹ باڈیز پر لگایا گیا، ایڈہاک ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ بہتر طریقے سے کام کرنے والی ملک کی 9 ریجنل ایسوسی ایشنز پر ایڈہاک لگانے کی کیا ضرورت تھی، اس سے بنیادی سطح پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔ریجنل باڈیز پر ایڈہاک لگانے سے کرکٹ کا نقصان ہوگا جبکہ کلب کرکٹ کی ترقی کے لئے منظم کرکٹ کی سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ 11میں سے 9ریجنل کرکٹ باڈیز پر ایڈہاک لگانے سے انہیں حیرت ہوئی ہے اور صدمہ پہنچا ہے کیونکہ لاہور اور کراچی سمیت دیگر ریجنل باڈیز نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں پی سی بی کے لئے معاون ثابت ہو رہی تھیں۔