سنگیتا کی بھتیجی، بھارتی اداکارہ ”جیا خان“ نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی

Jun 05, 2013

ممبئی (نیٹ نیوز+نوائے وقت رپورٹ) ”گھجینی“ فیم بھارتی اداکارہ جیاخان نے منگل کی شب ممبئی کے اپنے اپارٹمنٹ میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ اس کی اچانک موت سے فلم انڈسٹری ہل کر رہ گئی۔ بتایا گیا ہے جیاخان کی پنکھے سے لٹکی نعش ممبئی پولیس نے جوہو میں اداکارہ کے فلیٹ سے گزشتہ رات برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کیلئے کوپر ہسپتال پہنچائی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 25 سالہ جیا خان نے خودکشی کی ہے تاہم پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی اور کہا ہے جیا خان کے پاس سے کوئی آخری خط یا نوٹ نہیں ملا۔ تاہم اداکار ادیتہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کو جس سے جیا خان کا افیئر چل رہا تھا کو پولیس نے تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا کیونکہ مرنے سے آدھ گھنٹہ قبل جیاخان نے سورج کو آخری بار فون کال اور میسج کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جیاخان سورج کی بیوفائی پر ذہنی طور پر بہت پریشان تھی تاہم جیا کی والدہ اداکارہ رابعہ امین نے بتایا جیاخان اپنے فلمی کیرئیر کے آگے نہ بڑھنے سے بہت پریشان تھی کیونکہ آج کل وہ فلموں سے تقریباً فارغ ہو چکی تھی۔ واضح رہے کہ جیاخان نیویارک میں پیدا ہوئی اور لندن میں پلی بڑھی۔ اسکا اصل نام نفیسہ خان تھا۔ اس نے 1998ءمیں شاہ رخ کی فلم ”دل“ میں چائلڈ سٹار کی حیثیت سے کام کا آغاز کیا مگر اسے اصل شہرت اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ 2007 میں بنی فلم ”نشبد“ سے ملی جس میں اس نے بوڑھے امیتابھ کیساتھ کافی متنازعہ اور بولڈ سین فلمبند کرائے۔ 2008ءمیں اس کی عامر خان کے ساتھ فلم ”گھجینی“ آئی جو بہت کامیاب رہی۔ 2010 ءمیں اکشے کمار کے ساتھ فلم ”ہاﺅس فل“ آئی اور کامیاب ہوئی۔ مسلسل 3 قابل ذکر فلموں کے بعد جیاخان کو کوئی قابل ذکر فلم نہ مل سکی جب کہ ہدایتکار ساجد خان نے اسے فلم ”ہاﺅس فل“ میں بھی کاسٹ نہ کیا جس سے وہ بہت افسردہ تھی۔ دریں اثنا بھارتی فلم اداکار جیاخان کی خودکشی کی خبر سن کر سکتے میں آ گئے۔ امیتابھ نے ٹوئیٹر پر کہا جیا خان کی نوعمری میں موت بہت المناک ہے۔ اداکارہ دیا مرزا نے کہا نفیسہ خان بہت نوجوان اور خوبصورت تھی۔ زندگی بہت انمول چیز ہے اسے اس طرح ضائع نہیں کرنا چاہئے تھا۔ اداکار شاہد کپور نے کہا میں جیا خان کی موت پر بہت دکھی ہوں۔ اداکارہ بپاشا باسو نے کہا کہ خدا اس کی روح کو سکون دے۔ دریں اثنا ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیا خان پاکستانی اداکارہ، ہدایت کارہ سنگیتا کی بھتیجی تھیں۔ جیا کے والد سنگیتا کے سگے بھائی نیویارک میں مقیم ایک بزنس مین تھے۔ جنہوں نے جیا کی ماں رابعہ خان سے شادی کی مگر 16سال پہلے دونوں میں طلاق ہو گئی۔ جس کے بعد سنگیتا کے بھائی نے بیوی بچوں کی پلٹ کر خبر نہ لی۔

مزیدخبریں