”فرینڈلی اپوزیشن نہیں“ اچھی طرز ِ سیاست کا خیرمقدم کریں گے: جاوید ہاشمی

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے پی ٹی آئی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریگی۔ مسلم لیگ (ن) نے اچھی طرز سیاست کا مظاہرہ کیا تو ہم انکا خیرمقدم کریں گے۔ پی ٹی آئی نے جس تبدیلی کی بات کی ہے وہ آچکی ہے، ہم اقتدار میں ہیں یا نہیں ہماری تبدیلی والی سوچ کے اثرات مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر بھی ضرور مرتب ہونگے۔ پی ٹی آئی کسی بھی تعلق اور رشتہ کا خیال رکھے بغیر آگے بڑھ کر جمہوری جنگ لڑے گی۔ منگل کو وزارت عظمیٰ کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پارلیمنٹ ہاﺅس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا اختلاف رائے جمہوریت کی روح ہے، پی ٹی آئی اصل اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، ہم نے جمہوری اقدار کے فروغ کےلئے وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی قوم کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ ہم فرینڈلی اپوزیشن نہیں ہیں، ہم کسی تعلق اور رشتہ کا خیال کئے بغیر آگے بڑھ کر جمہوری جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا شوکت عزیز کے مقابلے میں وہ میاں نواز شریف، محترمہ بے نظیر بھٹو اور قاضی حسین احمد کے مشترکہ امیدوار تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن