لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سنٹرل کنٹریکٹ کو فٹنس سے مشروط کرنا اچھا اقدام ہے جس سے کھلاڑیوں کو آف سیزن میں بھی اپنی فٹنس پر توجہ دینا ہوگی۔ کپتان کا تقرر کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام ہے تاہم ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیم کی قیادت کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ فاسٹ باولر عرفان کا فٹ ہونا خوش آئند ہے جو دنیا کی کسی بھی بیٹنگ لائن کو تباہ کر سکتا ہے، اس کی ٹیم میں شمولیت سے فائدہ ہوگا۔سری لنکا کیخلاف سیریز میں محمد عرفان اہم ہتھیار ثابت ہونگے۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وقار یونس کی ماضی میں بطور کھلاڑی اور ہیڈ کوچ کے بہت زیادہ خدمات ہیں مستقبل میں بھی قومی ٹیم کو ان کی خدمات سے فائدہ ہوگا۔ اس سے قبل جب وہ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں انہوں نے ٹیم کو نوجوان کھلاڑی گروم کرنے میں مدد کی تھی ان کی وجہ سے اظہر علی، اسد شفیق، عمر اکمل جیسے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں عمر اکمل اور اظہر علی کپتانی کرنے کے قابل ہیں۔ سمر کیمپ کھلاڑیوں کی فٹنس کے لیے لگایا گیا تھا امید ہے کہ اس کے مطلوبہ نتائج حاصل ہو گئے ہونگے۔ اب کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ آف کیمپ میں اپنی فٹنس پر توجہ برقرار رکھیں۔