لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ماتحت عدلیہ کے 13 ججز سے عدالتی اختیارات واپس لیتے ہوئے ان کے خلاف آنے والی شکایات پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی صدارت میں ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ رجسٹرار ہائی کورٹ محبوب قادر شاہ کی جانب سے جاری ہونے والے لیٹر کے مطابق 8 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں، دو سینئر سول ججوں اور 3 سول ججوں سے عدالتی اختیارات واپس لئے گئے ہیں۔ ضلعی عدلیہ کے ان ججز میں محمد انور علی، فیاض احمد ظہیر، مجاہد عباس سہیل، کبیر احمد، ملک ریاض احمد کھوکھر، شاہد محمود، محمد ریاض، محبوب احمد خاں، ملک محمد نواز، محمد شوکت علی خان، خواجہ محمد اجمل اور شاہد محمود شامل ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اجلاس میں کمیٹی نے ججوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تیرہ ججوں کو کام سے روکتے ہوئے ان سے جوڈیشل ورک کے تمام اختیارات واپس لے کر ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔