اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی رخصت کے باعث سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق تقرر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف سمیت چھ ملزموں پر فرد جرم بھی عائد ہونا تھی۔ سماعت 20جون تک ملتوی کی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیخلاف انتقامی کارروائیاں کرتے ہوئے جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں، پہلے فون کرکے ججوں پر دباؤ ڈالا جاتا تھا اب یہی کام نیب نے اپنے خط کے ذریعے کردکھایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فراخ دلی کے ساتھ پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکال دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کی گرفتاری حساس معاملہ ہے،سکاٹ لینڈ یارڈ کو بتانا پڑے گا کہ الطاف حسین نے کس طریقے سے پیسہ کمایا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا نظام کافی اچھا ہے،امید ہے الطاف بھائی کو انصاف ملے گا۔