نگر، گلگت بلتستان (ایجنسیاں + نوائے وقن رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری اٹھارہ برس سے باریاں لے رہے ہیں، اب تو عوام ان دونوں کو مسترد کرکے تحریک انصاف کو کامیاب کرائیں، اگلی حکومت ہماری ہوگی، میاں صاحب سڑکوں اور میٹرو پر پیسہ لگارہے ہیں اور تحریک انصاف عوام پر پیسہ خرچ کررہی ہے، نواز شریف کی حکومت سے پہلے ہر پاکستانی پر 35000روپے قرض تھا نواز شریف حکومت نے قرضوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اب ہر پاکستانی ایک لاکھ روپے کا مقروض ہے اور آپ لوگ اس قرض کی قیمت مہنگائی کے ذریعے ادا کررہے ہیں، عوام غریب سے غریب تر ہوتے جا رہے ہیں اور حکمران امیر سے امیر تر ہوتے جارہے ہیں، تحریک انصاف دہشتگردی کیخلاف سخت موقف رکھتی ہے اور سیاسی جماعتوں میں چھپے دہشت گردوں کو سزا دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار عمران خان نے نگر میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا اس خطے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا الیکشن کے دنوں میں حکمران آتے ہیں اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کرتے ہیں اور پھر اپنے ان دعووں کو بھول جاتے ہیں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ طویل عرصے سے حکمرانی کررہے ہیں لیکن انہوں نے کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جبکہ تحریک انصاف نے دو سال میں پاکستان کی تاریخ کے بڑے انتخابات کرائے ہیں پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں شامل ہوکر اپنا بہت نقصان کیا ہے اور دس سال سے ہم اس بھیانک جنگ کے نتائج بھگت رہے ہیں حکومت ایک اور جنگ میں کودنے جا رہی ہیں تحریک انصاف نے حکومت کو یمن جنگ میں جانے سے روکا۔ گوجال میں خطاب کے دوران عمران خان نے کہا گلگت بلتستان کو خود مختار بنائیں گے، اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو بھی اس کا حصہ دیں گے۔ نوازشریف اور زرداری کی آپس میں باری والی پارٹنرشپ پی ٹی آئی ختم کر دے گی، جو کام حکومت کو کرنا چاہئیں تھے وہ گلگت بلتستان میں آغا خان نے کرائے، اقتصادی راہداری کا فیصلہ تو ہو گیا لیکن اقتصادی زون اب تک نہیں بنایا جا سکا۔ سالانہ بجٹ کا اڑھائی فیصد بھی گلگت بلتستان کو نہیں پہنچ سکا ہے۔ ن لیگ والے یہاں عوام کو خریدنے آئے ہیں پیسہ ضرور لے لیں مگر ووٹ بلے کو دوں۔ علی آباد کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہنزہ کے لوگ اپنی تقدیر کو بدلیں۔ نواز شریف، زرداری پر اور زرداری نواز شریف پر الزامات لگاتے رہیں گے مگر سچ یہ ہے کہ ملک کا موجودہ حال نوازشریف اور زرداری کی وجہ سے ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں سارے کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹے اب مسلم لیگ ن کرپشن کے ریکارڈ توڑنا چاہتی ہے۔ انشاءاللہ عام انتخابات اسی سال ہوں گے۔ آن لائن کے مطابق عمران نے کہا کہ کرپشن کے الزام میں آصف زرداری کو جیل بھیجنے والے نواز اور شہباز سونامی کے ڈر سے آج معافی مانگ رہے ہیں، وہ بتائیں جب جیل بھیجا اس وقت صحیح تھے یا پھر آج صحیح ہیں! اقتدار میں آنے کے بعد نواز شریف اور زرداری کے اثاثے بڑھ گئے، پیسے کے لالچ اور بھوک سے ان لوگوں کا کبھی پیٹ نہیں بھرتا۔