لاہور (اے پی پی) پاکستان علما ء کونسل کے زیر اہتمام مختلف مکاتب فکر کے جید اور مقتدر علماء اور مفتیان عظام نے عالم اسلام کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کے ایک سو سے زائد جید علماء ،مفتیان اور مشائخ کے فتوے کی مکمل توثیق کرتے ہوئے انتہا پسندی، دہشتگردی کیلئے قرآن و سنت ،جہاد فی سبیل اللہ اور قتال فی سبیل اللہ جیسی شرعی اصطلاحات کے نام کو استعمال کرنا حرام قراردیا ہے۔ پاکستان علماء کونسل اور سعودی عرب کی مذہبی شخصیات کے جاری کردہ فتویٰ میں کہا گیا ہے آپ ﷺ نے امت کو غلو اور تجاوز کرنے کے بارے میں تنبیہ فرمائی ہے اور کہا ہے کہ دین میں زیادتی کرنا پچھلی امتوں کی ہلاکت کا سبب بنا۔آپ ﷺ کی حدیث مبارکہ میں کہا گیا ہے کہ دین میں ناحق مبالغہ سے بچو کیونکہ تم سے پہلے لوگوں کو دین میں ناحق مبالغہ نے ہی تباہ و برباد کردیا تھا (نسائی ، ابن ماجہ)۔ تاریخ اسلام کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے دین اسلام میں زیادتی کرنے والوں اور دین کے نام پر تشدد کرنے والوں نے ہمیشہ دین اسلام اور امت مسلمہ کو نقصان پہنچایا۔ یہاں تک کہ آج ہم اپنی آنکھوں کے سامنے ان گروہوں کو دیکھ رہے ہیں جو داعش اور ان جیسی تنظیموں کی صورت میں ہمارے سامنے ہیں اور مختلف ناموں سے تشدد اور انتہا پسندی کو اسلام کا نام دے کر اور اپنی سوچ کے مطابق اسلام کی تشریح کرکے اپنے مخالفین پر کفر کے فتوے لگارہے ہیں اور ان کے خون کو ارزاں سمجھ رہے ہیں ۔یہ گروہ علماء اسلام اور اکابرین اسلام کی قرآن و سنت کے مطابق تعلیمات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مسلم ممالک کے امن سے کھیل رہے ہیں،آپ ﷺ نے کسی مؤمن کو کافر کہنے کے عمل کوانتہائی برا عمل قراردیا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات عالم اسلام کے مفکرین ،دانشوروں ،علماء ،خطبائ،آئمہ سے یہ تقاضا کرتی ہیں وہ ایسی تنظیموں کے فکر کیخلاف عوام الناس کی اور با الخصوص مسلم نوجوانوں کی رہنمائی کریں اور عالم اسلام اور دنیا ئے انسانیت کو توجہ دلائیں کہ بغیر شرعی وجہ کفر کے فتوے لگانے والوں، بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والوں،غیر مسلموں کی عبادتگاہوں کو تباہ کرنے والوں ،مسلمانوں کو آپس میں لڑانے والوں کا دین اسلام اور اسلام کے عظیم فریضہ جہاد سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم مسلم حکمرانوں کو دعوت دیتے ہیں قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اسلام کے نام پر فساد پھیلانے والوں کو جڑ سے اکھاڑ دیں۔ فتوی پر دستخط کرنے والوں میں مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، سرپرست پاکستان علماء کونسل مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج ، مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی سعودی علمائ، مفتیان عظام اور مشائخ عظام شامل ہیں۔