مسئلہ فلسطین حل نہ ہونا سیاسی ناکامی ہے: بان کی مون‘ سلامتی کونسل قائدانہ کردار ادا کرے: پاکستان

نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا سلامتی کونسل فلسطین سے متعلق اپنا وعدہ اور ذمے داریاں پوری کرے، فلسطین پر قبضہ ختم کرانے کے لئے وقت اور طریقہ کار طے کرنے پر قرارداد منظور کرے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کی بنیادی ضرورت کے لئے امدادی ادارے تعاون کریں۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے فلسطینی مہاجرین کے لئے قائم ادارے کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق کی فراہمی میں مستقل تاخیر کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان نے اسمائیلی فوجی کارروائی میں تباہ حال غزہ کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی کے لئے اس ادارے کو سالانہ امداد کے ساتھ ساتھ اضافی امداد فراہم کی۔ انہوں نے دیگر ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے قاہرہ کانفرنس کے موقع پر کئے گئے اپنے وعدے پورے کریں کہ اس ادارے کے اخراجات اور وصول ہونے والے فنڈز میں فرق کو ختم کرنے کے لئے عالمی برادری اس کی امداد میں اضافہ کرے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اگرچہ فلسطینیوں کے لئے عالمی برادری کی امداد ضروری ہے لیکن یہ ان کے تمام مسال کا حل نہیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے مسئلہ فلسطین کے ابھی تک حل نہ ہونے کو سیاسی ناکامی قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن