نئی دہلی(آئی این پی )بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان پر اچھے اور برے دہشتگردوں میں تفریق کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مخلص نہیں، وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور خیرسگالی کی جو کھڑکی کھولی تھی وہ آہستہ آہستہ بند ہورہی ہے، اس سے پہلے کہ یہ بند ہوجائے پاکستان کو بھارت کے ساتھ اپنے خلوص کے حوالے سے اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور خیرسگالی کی کھڑکی کھولی تھی جو اب بند ہورہی ہے کیونکہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے خلوص کے بارے میں شکوک وشبہات موجود ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا دورہ کر کے مواقعوں کی ایک کھڑکی کھولی تھی میرے خیال میں یہ کھڑکی آہستہ آہستہ بند ہو رہی ہے، اس سے پہلے کہ یہ بند ہوجائے پاکستان کو بھارت کے ساتھ اپنے خلوص کے حوالے سے اعتماد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ منوہر پاریکر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان اچھے اور برے دہشتگردوں میں فرق رکھتا ہے، اچھے دہشتگردوں کی افغانستان اور بھارت میں کارروائیوں کیلئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، میرے خیال میں اس مسئلے کو سفارتی سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
مودی نے پاکستان کیساتھ مذاکرات کیلئے جوکھڑکی کھولی تھی وہ آہستہ آہستہ بند ہو رہی ہے
Jun 05, 2016