کراچی سمیت سندھ بھرمیں پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے ‘ رضاہارون

کراچی (نیوز رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضاہارون نے گزشتہ روز نیو کراچی میں پی ایس پی کے عہدیدار کاشف خان کے چھ سالہ صاحبزادے محمد باسم خان کی پتنگ کی ڈور گلے میں پھنس کر ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ 3 جون شام ساڑھ چھ بجے کاشف اپنی بیگم اور بیٹے کے ہمراہ افطار سے قبل سودا لینے موٹرسائیکل پر مارکیٹ جا رہے تھے جب کالا اسکول، سحرسینٹر خیام اسٹاپ، نیوکراچی کے نزدیک اچانک پتنگ کی ڈور آگے بیٹھے باسم کے گلے کو چیرتی ہوئی نکل گئی۔ باسم کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن مناسب طبی امداد میسر نہ ہونے کی وجہ سے باسم جانبر نہ ہو سکا۔ رضاہارون نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے اس اندوہناک واقعہ پرلاپروائی برتنے اور خاندان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو معصوم ننھا باسم زخمی ہونے کے بعد تڑپ تڑپ کرمناسب طبی امداد نہ ملنے کے باعث اپنی جان سے گیا اور دوسرے جانب حکومت اور انتظامیہ کا عمل انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا نوٹس لے، غمزدہ خاندان سے رابطہ کر کے ان کی داد رسی کی جائے، ہر ممکن تعاون کرے اور انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں خطرناک پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔
رضا ہارون

ای پیپر دی نیشن