مقبوضہ کشمیر چٹکی بجانے سے حل نہیں ہوگا ، پاکستان دہشت گردی کا براہ راست ذمہ دار ہے : بھارتی وزیر داخلہ

نئی دہلی(کے پی آئی) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مختلف فریقوں سے بات چیت کی راہ ہموار کرے گی ۔تاہم انہوں نے تاہم واضح کیا کہ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ کس سے بات کی جائے گی اور کس سے نہیں۔ انہوں نے کہاجمہوریت میں بات چیت کے ذریعہ بڑے سے بڑے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں، حکومت بات چیت کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل عوام کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا لیکن اس حکمت عملی کا انکشاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا، جب ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ اس مسئلہ کا مستقل حل کیا جائے گا تو ہم صرف نام کے لئے ایسا نہیں کہہ رہے ہیں۔ ہمارے پاس اس سلسلے میں منصوبہ ہے ،حکومت اس مسئلہ کو حل کرکے ریاست میں امن قائم کرے گی۔پریس کانفرنس میں راجناتھ سنگھ نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل چٹکی بجا کر یا مہینوں میں نہیں نکالا جا سکتا،یہ مسئلہ1947سےچل رہا ہے۔ حکومت کے پاس اس کے لئے حکمت عملی ہے جس کو فی الوقت سامنے نہیں لایا جا سکتا لیکن اس پر کام ہو رہا ہے اور اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان کی شہ پر نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں اور ان قوتوں کے اپنے مفادات ہیں لیکن ان قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں نوجوانوں کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے لئے پاکستان کو براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے یہاں سندھ، بلوچستان اور مشرقی پاکستان کو نہیں سنبھال سکا لیکن بھارت کے خلاف ان قوتوں کا استعمال کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کو طے کرنا ہے کہ وہ بات چیت کا ماحول بناتا ہے یا نہیں۔
راجناتھ سنگھ

ای پیپر دی نیشن