اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان نے پانامہ کیس میں خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان نے اعلیٰ اور تاریخی مثال قائم کی۔ حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویر کا لیک ہونا غیر معمولی ہے۔ حسین نواز کی تصویر کی اشاعت کا طریقہ کار ہتک آمیز اور توہین آمیز ہے۔ تصویر خود گواہ ہے کہ حسین نواز انصاف کے منتظر ہیں۔ تصویر کا لیک ہونا تفتیش کے قانونی طریقہ کار کے بھی منافی ہے۔ ایک تسلسل سے غیر منصفانہ واقعات سے انتقام کی بو آ رہی ہے۔ ان واقعات سے ملک میں شکوک و شبہات کی فضا جنم لے رہی ہے۔ انصاف کے نام پر تضحیک سمجھ سے بالاتر ہے‘ وزیر اعظم اور ان کا خاندان تحفظات اور بے ضابطگیوں کے باوجود انصاف کا منتظر ہے‘ متنازعہ القابات اور واٹس ایپ کال اور حسین نواز کی تصویر کا غیر قانونی اجراءسوالیہ نشان ہے۔ مستقبل میں بھی انصاف کے حصول کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔
حسین نواز سے تفتیش کی تصویر لیک ہونا غیر قانونی اشاعت کا طریقہ کار ہتک آمیز ہے: مریم اورنگزیب
Jun 05, 2017