الزامات مسترد، افغانستان نفرت انگیز مہم بند کرے: سرتاج عزیز

Jun 05, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کابل میں دہشت گرد حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کرتے ہیں۔ تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ پاکستان ان تمام بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ افغانستان کے اندر اور باہر کچھ عناصر پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں جس پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔ ان عناصر نے کابل میں دہشت گردی کے چند منٹوں کے بعد ہی پاکستان پر الزامات لگا دیئے۔ یہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کو خراب کرنے کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔ پاکستان دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دہشتگردی کا خود شکار ہونے کی وجہ سے پاکستان افغان بھائیوں کے دکھ کو سمجھتا ہے۔ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پاکستان افغانستان میں تمام مسائل کے حل کیلئے ہرممکن مدد کو تیار ہے۔دی نیشن کے مطابق سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان کو نفرت انگیز مہم بند کرنی چاہئے۔

مزیدخبریں