درہ شیر خان (صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر وممبرقانون ساز سمبلی عبدالرشید ترابی نے امیر ضلع پونچھ سردار زاہد رفیق سمیت دیگر قائدین کے ہمراہ سیزفائر لائن کا دورہ کیا اور شہداء کے گھروں میں جاکر لواحقین سے اظہارتعزیت کیا۔ اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ شکست خوردہ بھارتی فوج اورنریندرمودی نے آزاد کشمیراور پاکستان پر جارحیت کی حماقت کی تو چھٹی کا دودھ یاد دلائیںگے، جنگ ہوئی تو نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ ہندوستان کاانگ انگ ٹوٹ جائے گا۔ ہندوستانی افواج خوفزدہ ہوکر نہتے شہریوں پر فائرنگ اور ان کو شہید کررہی ہے،پاک فوج منہ توڑ جواب دے پوری قوم اور قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے گا، مقبوضہ کشمیرکے اندر بھارتی قابض افواج کو عملا شکست ہوچکی، طلبہ اور طالبات پتھروں سے آٹھ لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے جو فوج پتھروں کا سامنا نہیں کر سکتی وہ ایٹم بم کی حامل پاک فوج کا کیا مقابلہ کرے گی، نریندر مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوںکی وجہ سے جنوبی ایشیا کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، مودی حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں، جنگ ہوئی یہ ایٹمی جنگ ہوگی جس سے پوری دنیا متاثرہوگی۔ حکومت پاکستان ہندوستانی مظالم کو دنیاکے سامنے پیش کرے اور کشمیرکی آزادی کی تحریک کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکمت عملی تشکیل دے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر سیز فائرلائن کے ملحقہ علاقے کے لوگوں کے مسائل فوری حل کرے۔ نوجوانوںکو منظم کیا جائے، شہری دفاعی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ عوام کو اسلحہ اور اس کی تربیت کا اہتمام کیا جائے، کم ظرف دشمن سے مقابلے لیے تیار رہنا ہو گا۔