برمنگھم (سپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی صورت حال انتہائی مخدوش ہے اس لئے پاکستان کو اپنی سکیورٹی صورت حال بہتر بنانا ہوگی، بہترسکیورٹی کے بعد ہی ہم پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے کو تیار ہیں۔چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اوربھارت کے درمیان کھیلے جا رہے میچ سے قبل ایجبسٹن کرکٹ گراو¿نڈ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور انڈین پریمیئر لیگ کے موجودہ چیئرمین راجیو شکلا نے پاکستان اوربھارت کے درمیان دوطرفہ سیریز کی بحالی کو پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے سے مشروط قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا لہٰذا میں پاکستانی حکومت سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنے مقامات کو اتنا محفوظ بنائیں کہ دنیا کی تمام ٹیمیں وہاں کا دورہ کر سکیں۔ ہم پاکستان سے کرکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن سکیورٹی کی صورتحال ہمیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے رہی لہٰذا جب تک ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی ہم پاکستان کے دوطرفہ سیریز نہیں کھیل سکتے۔راجیو شکلا کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملک آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور وہاں کرکٹ کا معیار بھی بہت اچھا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ملک کے حالات بہتر بنانے چاہئیں تاکہ تمام ملک بھی وہاں آکر کھیل سکیں۔