راولپنڈی(نیوز ڈیسک) ہر سال لاکھوں مریضوں کا مفت علاج کرنے والے ادارے ا لشفاءٹرسٹ نے ملک بھر میں لگنے والے اپنے فری آئی کیمپس میں موتیا کے آپریشن کی سہولت شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غریب مریضوں کو ہسپتال آنے کے اخراجات سے بچایا جائے اور انھیں انکی دہلیز پر معیاری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔اس سلسلہ میں فری آئی کیمپس میںتجربہ کار ڈاکٹروں ، طبی عملہ اور دیگر ساز و سامان پر مشتمل سرجیکل یونٹ شامل کر دئیے گئے ہیں ۔ الشفاءٹرسٹ کے صدر جنرل حامد جاوید نے صحافیوں کو بریفنگ دینے ہوئے بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موتیا کی بیماری اندھے پن کی سب سے بڑی وجہ ہے جبکہ دور دراز علاقوں کے رہنے والے غریب لوگ اس بیماری کے علاج کیلئے شہر آنے اور اخراجات اٹھانے کی سکت نہیں رکھنے اسلئے انھیں انکے علاقوں میں یہ سہولت دی جائے گی۔ آپریشن کیلئے مقامی بنیادی مراکز صحت کو استعمال کیا جائے گا جبکہ ادویات، چشمے وغیرہ مفت فراہم کئے جائینگے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور عید کے بعد اس منصوبہ پر عمل درامد شروع ہو جائے گا جبکہ دور افتادہ علاقوں میں سالانہ کم از کم پانچ ہزار آپریشن کئے جائینگے۔ اس منصوبہ پر سالانہ آٹھ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جس میں ڈونرز تعاون کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر کرنل طارق عثمان نے کہا کہ ہر مہینے پندرہ سے اٹھارہ کیمپ منعقد کئے جائیں گے جہاں موتیا کے آپریشن کی سہولت ہو گی جبکہ سکول سکریینگ ٹیمیں بھی ہفتے میں پانچ سے چھ دن کام کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ الشفاءٹرسٹ ملک میں عوام کی بصارت کو بچانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اور اب تک ستر لاکھ سے زائد افراد کو فائدہ پہنچایا جا چکا ہے۔