افغان حکومت پاکستان پر الزام لگانے کی بجائے بڑھتے خطرے کے مقابلہ پر توجہ مرکوز کرے :ملیحہ لودھی

واشنگٹن (آن لائن)اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی سفیر مدیحہ لودھی نے کابل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کی صورت حال میں تیزی سے رونما ہونے والا بگاڑ صرف افغانستان کے لیے ہی نہیں بلکہ ہمسایہ ملک پاکستان کیلیے بھی باعث تشویش ہے۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردی کے واقعات میں اضافے سے یہ نشاندہی ہوتی ہے کہ علاقے میں داعش کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے بارے میں ہم کافی عرصے سے فکر مند تھے۔انہوں نے کہا دہشت گرد گروپ کی جانب سے کابل کے گرین زون میں ایک بڑا حملہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ اس کے اندرونی حلقوں میں رابطے موجود ہیں جو بذات خود ایک تشویش کی بات ہے۔پاکستانی سفارت کا ر نے یہ خیال ظاہر کیا ان حملوں کے پیچھے ان عناصر کا ہاتھ ہے جو امن اور مفاہمت کی ازسر نو کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور جو امن نہیں چاہتے۔انہوں نے افغان حکومت کے طرزعمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کو پاکستان پر الزام دھرنے کی بجائے اس بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ہم اس سلسلے میں مدد دینے کو تیار ہیں لیکن افغانستان کو اپنے اندرونی مسائل کو باہر سے منسوب کرنے کا رویہ ترک کرنا ہوگا۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا دہشت گردی اور انتہاپسندی ایک مشترکہ دشمن ہے اور اس سے نجات کے لیے اس کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے لیے وقت کا انتخاب یہ ظاہر کرتا ہے یہ ان لوگوں کا کام ہے جو یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امن بات چیت کی نئی کوششوں کا آغاز نہ ہوسکے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...