کنری (این این آئی) نواحی گاؤں ٹوبہ میں ہسپتال انتظامیہ کی بے حسی کے باعث ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مٹرینٹی ہوم میں داخل نہ کرنے پر خاتون نے رکشے میں ہی بچے کو جنم دیدیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کنری کے نواحی گاؤں ٹوبہ کی رہائشی ہندو خاتون بھاتو بھیل کو کنری تعلقہ ہسپتال کے زیرانتظام حاجرہ میٹرنٹی ہوم لایا گیا جہاں انتظامیہ نے خاتون کو ہسپتال میں داخل کرنے سے انکارکردیا۔ اسے رکشے میں دوسرے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ باتھو بھیل نے راستے میں ہی بچے کوجنم دیدیا جس کے بعد خاتون اور بچے کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بھاتو بھیل کی والدہ نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ نے بغیر کسی وجہ کے ہسپتال سے نکال دیا جبکہ ڈاکٹرز نے کہا خاتون میں خون کی کمی تھی اور یہ سہولت یہاں موجود نہیں تھی اس لئے مریضہ کو دوسرے ہسپتال لے جانے کا کہا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شکارپور میں بھی سرکاری ہسپتال میں سہولیات کے فقدان کے باعث خاتون نے رکشہ میں بچے کو جنم دے دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی بچہ طبی امداد نہ ملنے پر دم توڑ گیا تھا۔