نئی دہلی (نیوز ڈیسک) خود کو انسانیت کا ہمدرد ظاہر کرنیوالی بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج نے جگر کی تبدیلی کیلئے بیمار والد کو بھارت لانے کے خواہش مند پاکستانی نوجوان کو ٹرخا دیا اور ویزے کیلئے سرتاج عزیز کا سفارشی خط لانے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ سعید ایوب نامی نوجوان نے ٹویٹر پررابطہ کرکے سشما سوراج کو بتایا تھا کہ اس کے والد کے جگر کی تبدیلی کا آپریشن نئی دہلی میں ہونا ہے جس کے لئے اس نے آدھی جائیداد بیچ کر پیسے اکٹھے کئے اب بھارتی ہائی کمشن اسے ویزہ نہیں دے رہا۔ ایسی پابندی سے عام آدمی کو کیوں متاثر کیا جا رہا ہے جس پر سشما سوراج کا دل نہ پگھلا پرنالہ وہیں رہا کہ آپ اپنے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا سفارشی خط ساتھ لائیں آپ کو ویزا مل جائے گا حالانکہ سشما سوراج بغیر کسی سفارش کے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خود بھی ویزہ دلا سکتی تھیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں جگر کی تبدیلی کا آپریشن کرانے کیلئے ایک پاکستانی کو 70 لاکھ روپے تک خرچ کرنا پڑتے ہیں اور بھارت اس سے خاصا زرمبادلہ کماتا ہے۔
سرتاج عزیز کا سفارشی خط لائیں، سشماسوراج نے پاکستانی نوجوان کو والد کے جگر کی پیوندکاری کیلئے ویزہ جاری کرنے کی بجائے ٹرخا دیا
Jun 05, 2017