کراچی (نیوز ڈیسک) معروف قانون دان شریف الدین پیرزادہ کو کراچی کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ معروف قانون دان کی نمازجنازہ کے ڈی اے سکیم نمبر ون کی عالمگیر میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں علاقہ مکینوں سمیت رشتے داروں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ وہ کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیرعلاج رہے اور مختصر علالت کے بعد جمعہ کی علی الصبح انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں دو بیگمات‘ دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑے۔ شریف الدین پیرزادہ 12 جون 1923ء کو برہان پور (بھارت) میں پیدا ہوئے اور ممبئی ہائیکورٹ سے قانون کے شعبے میں کیریئر کا آغاز کا۔ وہ سابق صدر ایوب خان اور پھر یحییٰ خان کے ادوار میں اٹارنی جنرل کے عہدے پر فائز ہوئے۔ انہیں 1966ء میں پاکستان کے وزیرخارجہ کا عہدہ سونپ دیا گیا۔ انہیں پاکستان بار کونسل کا پہلا چیئرمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ شریف الدین پیرزادہ طویل مدت تک اٹارنی جنرل کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔ آرگنائزیشن آف دی اسلامک کانفرنس کے سیکرٹری جنرل بھی رہے۔ انہیں نظریہ ضرورت کا خالق بھی کہا جاتا ہے۔