اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الزام عائد کیا ہے عمران خان آئین کے آرٹیکل 62، 63 پر پورا نہیں اترتے کیونکہ انہوں نے انکے ساتھ نکاح کو چھپا کر 2 ماہ تک جھوٹ بولا۔ شہبازشریف سے پیسے لینے اور ان سے یا مریم نواز سے ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا وہ الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جائیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے معاملے کا نوٹس لینے کی بھی اپیل کردی۔ نجی ٹی وی کو دیئے ایک انٹرویو میں ریحام خان نے کہا انہوں نے کتاب لکھنے کیلئے شہبازشریف سے پیسے لیے اور نہ ہی کبھی ان کی شہباز شریف یا مریم نواز سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا 'جو نگران وزیراعلیٰ کا نام نہیں دے سکا، وہ ملک کیا چلائے گا؟ اپنی کتاب کی اشاعت کے حوالے سے انہوں نے کہا ان کی 'کتاب سے الیکشن کو کیا خطرہ؟ جو تاریخ بہتر لگی، اس وقت کتاب منظر عام پر آجائے گی'۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ریحام خان نے حمزہ عباسی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ ریحام خان نے اپنے نوٹس میں کہا حمزہ عباسی نے میرے متعلق میڈیا میں جھوٹی خبریں پھیلائیں۔ حمزہ عباسی نے مجھ پر شہباز شریف سے ایک لاکھ پا¶نڈ لینے کا الزام لگایا۔ ریحام خان پر احسن اقبال سے رابطے کا الزام بھی لگایا گیا۔ صباح نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے حسین حقانی اور ریحام خان کی تصاویر ساری کہانی سنارہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ریحام خان عدالت جائیں تو ان کا خیر مقدم کریں گے، ریحام کسی کے دئیے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا یہ پہلا موقع نہیں مسلم لیگ ن کی طرف سے خواتین کو استعما ل کیا گیا ہے۔ طلاق یافتہ بیوی کتاب لکھے گی تو دھجیاں اڑانے کی ہی کوشش کرے گی، کسی کو عمران خان کے خلاف استعمال کریں گے تو پارٹی تو اپ سیٹ ہوگی۔ آئی این پی کے مطابق ریحام خان نے اپنی کتاب میں نیا پنڈورا باکس کھول دیا، عمران خان کے دوست زلفی بخاری، کرکٹر وسیم اکرم ، تحریک انصاف کی انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر انیلہ خواجہ پر بھی الزامات لگائے ہیں۔ جبکہ انہوں نے اپنی شادی میں خرابی کا ذمہ دار سابق شوہر اعجاز رحمان کو قرار دے دیا، چاروں کی جانب سے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا اور 14جون تک جواب طلب کر لیا گیا۔ مبینہ کتاب کے صفحہ 402اور572پر وسیم اکرم کی مرحومہ بیوی سے متعلق انتہائی گھناﺅنے الزامات لگائے۔ صفحہ417,243 اور 458پر انیلہ خواجہ پر عمران خان کے ساتھ تعلقات کا الزام لگایا گیا۔ زلفی بخاری پر لندن کی ایک خاتون کا اسقاط حمل کرانے کا الزام لگایا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ ریحام خان نے اپنی کتاب سے پردہ اٹھا دیا۔ ریحام خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جو حرکتیں کر رہی ہے اس کا میری کتاب سے کوئی تعلق نہیں۔ میری کتاب ان کو بے نقاب نہیں کر رہی‘ یہ خود کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ مجھے نہیں پتہ میرے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز نے بھی پی ٹی آئی جوائن کرلی ہے۔ پی ٹی آئی کی ٹیم میرے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز کا دفاع کر رہی ہے۔ ہم نے قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے‘ ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے، مجھے جو نوٹس بھجوایا گیا ہے اس کی جگہ ردی کی ٹوکری ہے۔ پی ٹی آئی کو مفت مشورہ ہے اپنی سوشل میڈیا کی موجودہ ٹیم کو فارغ کر دے۔ پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر ایسے لوگوں کو رکھے جنہیں انگریزی آتی ہو۔ ریحام نے الزام لگایا کہ میری کتاب کا مواد چرایا گیا ہے‘ مسلسل میرا پیچھا کیا جارہا ہے۔ شک ہے میرے فون ٹیپ کیے جارہے ہیں۔ قانونی نوٹس بھیجنے والے ہراساں کر رہے ہیں۔ حمزہ علی عباسی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا میں عمران خان کے پاس کتاب کا مسودہ لے کر گیا تھا‘ میں نے بتایا شہبازشریف نے کتاب کیلئے پیسے دیئے۔ بتایا کتاب میں یہ موضوعات ہیں۔ عمران نے جواب دیا میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔ ہم نے کوئی کتاب چوری نہیں کی‘ میرے پاس جو پی ڈی ایف فائل تھی وہ میں نے اپ لوڈ کر دی۔ کتاب کی اشاعت کیلئے ان کے پاس کروڑوں روپے کیسے آئے؟ ریحام نے جس کو کتاب کا مسودہ بھیجا اسی نے مجھے دیا ہے‘ یہ ریحام بھی جانتی ہیں۔ وسیم اکرم نے ریحام خان کی کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ایسے لوگ بھی دنیا میں ہوتے ہیں جو صرف پیسہ بنانے کیلئے اس شخصیت پر الزام لگا رہے ہیں جو اس دنیا میں نہیں۔ انہوں نے کہا ریحام خان پیسوں کیلئے ایسا کر رہی ہیں، ریحام خان نے واقعی میرے خلاف لکھا ہے تو ان کو عدالت لے کر جاﺅں گا۔ ریحام خان جھوٹ بول رہی ہیں‘ میری بیوی ایک اچھی خاتون تھیں۔
ریحام خان