لاہور (خالد بہزاد ہاشمی/ فیملی میگزین رپورٹ) انڈیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے نئی دہلی میں درگاہ حضرت محبوب الٰہی‘ خواجہ نظام الدین اولیاء پر حاضری دی‘ روزہ افطار کیا اور زائرین میں شربت اور لنگر تقسیم کیا۔ اس موقع پر درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء کے دیوان اور سجادہ نشین سید طاہر نظامی نے ان کی دستار بندی کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے درگاہ حضرت محبوب الٰہی‘ درگاہ حضرت امیر خسرو اور میرٹھ کے نواب اسماعیل خان کے مزار پر بھی حاضری دی‘ چادریں اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر انہوں نے دیوان سید طاہر نظامی کے ہمراہ درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء پر خصوصی دعا میں کہا کہ صوفیاء کرام کا محبت اور امن کا پیغام جاری و ساری رہنا چاہئے‘ دونوں ملکوں میں کشیدگی ختم ہو اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ہاں بخوشی آ جا سکیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں میں خیر سگالی جذبات کے فروغ‘ خوشحالی اور قیام امن کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ یاد رہے پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود جب بھی درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء پر حاضری دینے آتے ہیں وہ میرٹھ کے نواب اسماعیل کے مرقد پر بھی ضرور فاتحہ پڑھتے ہیں جن کے پوتے نواب اسد اسماعیل خان پاکستان میں مقیم ہیں۔