سعودی خاتون کو پہلی بار کار چلانے کا لائسنس جاری امریکہ، کینیڈا، ویلزکی خواتین انسٹرکٹرز تربیت دیں گی

جدہ (امیر محمد خان سے ) سعودی عرب میں کسی خاتون کو پہلے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا تاریخی لمحہ آ ہی گیا ہے اور سعودی حکام نے ایک خاتون کو کار چلانے کا اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔ سوموار کو لائسنس کے اجراء کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی ہے۔اس کے ساتھ ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’ سعودی عرب میں پہلے لائسنس کے اجرائ￿ پر مادر ِ وطن کی بیٹیاں ہزاروں مبارک بادیں قبول فرمائیں‘‘۔سعودی خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لیے گذشتہ ما ہ تاریخ کا ا علان کیا گیا تھا۔ وہ شاہی فرمان کے مطابق 24 جون سے از خود کاریں چلا سکیں گی۔ محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل محمد آل بسامی نے 8 مئی کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’ خواتین کے کاریں چلانے کے لیے درکار تمام تقاضوں کو پورا کردیا گیا ہے اور 18 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے متعلقہ دفاتر میں درخواستیں دے سکتی ہیں‘‘۔ سعودی عرب میں قریباً آٹھ ہزار خواتین بیرون ممالک سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر چکی ہیں۔سعودی خواتین کو کار چلانے کی تربیت دینے کے لیے مملکت کے پانچ ہروں میں ڈرائیونگ سکول قائم کیے گئے ہیں۔ حال ہی میں امریکا ، کینیڈا اور ویلز سے تعلق رکھنے والی خواتین کو سعودی عرب میں خواتین ڈرائیونگ انسٹرکٹروں کو تربیت دینے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔یہ خواتین دو سال تک سینیر معائنہ کار کے طور پر کام کریں گی۔وہ نئی سعودی خواتین ٹرینروں کو تربیت دیں گی۔

ای پیپر دی نیشن