لندن(آن لائن)برطانیہ میں جوئے کے عادی بچے نے والد کے تجارتی کریڈٹ کارڈز سے لگ بھگ 80 ہزار برطانوی پاؤنڈ آن لائن جوئے میں خرچ کردیئے اور یہ رقم پاکستانی روپوں میں تقریباً سوا کروڑ بنتی ہے۔لنکاشائر سے تعلق رکھنے والے اسکول کے اس بچے نے ویمبلے فٹ بال میچ کے درمیان دکھائی دینے والے آن لائن سٹے بازوں کے اشتہارات دیکھ کر اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا اور اپنے والد کی شناخت استعمال کرتے ہوئے انہی کے کریڈٹ کارڈزسے جوئے میں اندھا دھند رقم لگانی شروع کردی۔ رفتہ رفتہ وہ کھیلوں میں جوئے کا عادی ہوگیا اور ہر ہفتے فٹبال اور گھڑسواری پر رقم لگانا شروع کردی اور اپنی عمر 18 برس ظاہر کرتے ہوئے بری عادت شروع کردی۔والدین کی جانب سے اس عادتِ بد کے انکشاف کے بعد اسے ماہرِ نفسیات کے پاس لے جایا گیا تاکہ وہ یہ خوفناک لت ترک کرسکے۔ اس خبر کے بعد برطانوی سرکاری اداروں نے بتایا ہے کہ ملک میں 11 سے 16 برس کے 25000 بچے اس وقت آن لائن جوئے اور سٹے میں ملوث ہیں۔ اس کے بعد حکومتی نمائندوں نے بچوں کو جوئے کے اشتہارات سے دور رکھنے کیلیے سخت قانون سازی پر زور دیا ہے۔
برطانیہ :13 سالہ بچے نے کریڈٹ کارڈ سے سوا کروڑ روپے جوئے میں اڑادیئے
Jun 05, 2018