لاہور(سپورٹس ڈیسک)سٹار امریکی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز انجری کے باعث ان فٹ ہو کر فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے میچ سے دستبردار ہوگئی ہیں۔36سالہ ولیمز کا آج ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ میں ماریہ شراپووا سے مقابلہ تھا اور تقریباً ڈھائی سال کے لمبے عرصے بعد آج تاریخی مقابلے میں ولیمز نے شراپووا کا سامنا کرنا تھا جس کا ٹینس شائقین کو بیحد انتظار تھا تاہم انجری کے باعث اب ان کا میچ ختم کردیا گیا ہے۔ولیمز کا کہنا ہے کہ انہیں انجری کا اندازہ فرینچ اوپن کے تیسرے رائونڈ کے میچ میں ہوگیا تھا جس میں انہوں نے جولیا جارجز سے میچ جیت لیا تھا تاہم گزشتہ روز ڈبلز میچ کے دوران ان کی انجری مزید خطرناک ہوگئی تھی۔سرینا نے بتایا کہ وہ کل اپنا ایم آر آئی سکین کرائیں گی جس کے بعد معلوم ہوگا کہ وہ ٹورنامنٹ میں کھیل سکتی ہیں یا نہیں لیکن ومبلیڈن ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت پر اب سوالیہ نشان ہے جو 4ہفتوں میں شروع ہورہا ہے۔فرینچ اوپن ٹینس میں سرینا ولیمز کے دستبردار ہونے کے بعد ماریہ شراپووا کو کوارٹر فائنلز میں فری انٹری مل گئی ہے جہاں ان کا مقابلہ ’گاربین موگوروزا‘ یا ’لیسیا ٹوسورینکو ‘میں سے کسی ایک سے ہوگا اور یہ دونوں کھلاڑی اب سے کچھ دیر بعد ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے ہوں گے۔واضح رہے کہ سرینا ولیمز اپنی بیٹی کی پیدائش کے 16ماہ بعد پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہیں تھیں۔
ٹینس سٹار سرینا ولیمز ان فٹ، شراپووا کیخلاف میچ سے باہر
Jun 05, 2018