بسکٹ میں کریم کی جگہ ٹوتھ پیسٹ کھلانے والے یوٹیوبرکو جیل کی سزا

بارسلونا(این این آئی) ہسپانوی یوٹیوبر کو مذاق (پرینک) ویڈیو بنانے پر جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس نے ایک بے گھر شخص کو اوریو بسکٹ میں سفید کریم کی جگہ ٹوتھ پیسٹ ڈال کر کھلانے کا مذاق کیا تھا اور اس کی ویڈیو بنائی تھی۔اس طرح بسکٹ کھانے والے غریب بے گھر کو قے آگئی تھی ۔جس پر لوگوں نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسپین کے 21 سالہ یوٹیوبر کنگہوا رین ایک مشہور یوٹیوب چینل کے مالک ہیں اور انہیں 15 ماہ قید کی سزا ہوگئی ۔ مقامی اخبارات کے مطابق کگنہوا نے اخلاقی گراوٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک غریب بے گھر شخص سے مذاق کیا جس میں بسکٹ کی کریم کی جگہ ٹوتھ پیسٹ ڈال دیا تھا اور اسے کھاکر غریب شخص الٹیاں کرنے لگا تھا۔عدالت نے یوٹیوبر کو سزا سناتے ہوئے متاثرہ شخص کو22 ہزار ڈالر ہرجانے کا حکم دیتے ہوئے اس کے یوٹیوب اور سوشل میڈیا چینل بند کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا رین کو واقعی سزا بھی ہوگی یا نہیں کیونکہ ہسپانوی قانون کے مطابق اگر مجرم نے پہلی مرتبہ جرم کیا ہے اور اسے دو سال تک کی سزا ہوئی ہے تو پہلے جرم کے تحت ریاست اسے معاف کرنے کا اختیار بھی رکھتی ہے۔گنگہوا رین نے 19 سال کی عمر میں یوٹیوب پر ویڈیوز کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک اس کے 12 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ اس نے اگرچہ بے گھر شخص کو 20 یورو بھی دیئے تھے لیکن اپنی ویڈیو کو ایک برا مذاق بھی کہا تھا تاہم اس ویڈیو سے اس نے 2000 یورو رقم کمائی تھی۔

ای پیپر دی نیشن