قومی ٹیم نے کرکٹ ماہرین کے اندازے غلط ثابت کردیئے:نعمان بٹ

Jun 05, 2019

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کامیابی سے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ ہاٹ فیورٹ ٹیم کے خلاف کامیابی سے آئندہ میچز میں ٹیم بہتر اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف تمام شعبوں میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس میچ سے پہلے بہت کم لوگ پاکستان کو سپورٹ کر رہے تھے لیکن قومی ٹیم نے بہترین کھیل سے ماہرین کے تمام اندازوں کو غلط ثابت کر دیا۔ سرفراز احمد اور انکی پوری ٹیم اس شاندار کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستان کو عالمی کپ جیتنے کیلئے ایسی ہی مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ محمد حفیظ نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین اننگز کھیلی، بابر اعظم اور کپتان سرفراز احمد مے بلے کے ذریعے اپنا کردار خوب نبھایا۔ محمد عامر کی فارم میں واپسی خوش آئند ہے انکی طرف سے وکٹیں لینے کی وجہ سے پاکستان کے مسائل میں کمی آئی ہے۔ شاداب خان بھی توقعات کے مطابق عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہاب ریاض کی تیز رفتار باؤلنگ اور اہم وقت پر وکٹیں لینے سے انگلینڈ پر دباؤ بڑھا۔ سرفراز احمد کو ہر میچ میں فرنٹ سے لیڈ کرنا پڑے گا۔ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے لیکن ہم ایک اچھا کامبی نیشن بنانے کے قریب پہنچ چکے ہیں فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

مزیدخبریں